NewsSports

پاکستان کو ‘ایبسولوٹلی ناٹ’ کہنے کی قیمت چکانی پڑرہی ہے، فواد چوہدری

Fawad Chaudhry

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے دوروں کی منسوخی کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ‘ایبسولوٹلی ناٹ’ کا مؤقف اپنانے کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ نے ون ڈے سیریز شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو بنیاد بناکر دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

جس کے بعد گزشتہ روز انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کی پیروی کرتے ہوئے آئندہ ماہ اپنی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے موجودہ صورتحال کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اگر قوم سر اٹھا کر جینا چاہتی ہے تو اسے اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی اور اس کی قیمت ادا کی گئی، پاکستان کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ‘ایبسولوٹلی ناٹ’ (واضح انکار) کی پالیسی اپنائیں گے تو آپ کو قیمت چکانی ہو گی۔

وہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے رواں سال جون میں دیے گئے واضح بیان کا حوالہ دے رہے تھے جہاں عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں کارروائی کے لیے امریکا کو اپنے اڈے یا سرزمین کے استعمال کی اجازت ہرگز نہیں دے گ

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی جانب سے کرکٹ سیریز سے انکار کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو اس تمام معاملے میں 20 سے 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا اور اس سلسلے میں وکلا سے رابطہ کیا گیا ہے کہ دونوں بورڈز کے خلاف کس قسم کی قانون کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت اہم اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور میں اس حوالے سے وزیر داخلہ کے ساتھ مل کر تفصیلی بریفنگ دوں گا کہ ‘کیا ہو رہا ہے’ اور یہ بریفنگ آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے کہ یہ تمام معاملات کس طرح آپس میں ہائبرڈ وار اور جعلی خبروں سے منسلک ہیں، کس طرح سے جعلی ای میل اور جعلی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور اس کے کس حد تک ہولناک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button