News

لیورپول اب عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ نہیں رہا۔

Liverpool

عالمی دارہ برائے ثقافت یونیسکو نے برطانوی شہر لیورپول کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ یہ تیسرا موقع ہے کہ اس اہم عالمی فہرست سے کسی علاقے کو نکالا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ثقافت نے برطانوی بندرگاہی شہر لیورپول میں نئی عمارتوں اور تیز رفتار ترقی کی وجہ سے وکٹورین دور کے تاریخی ساحلی پشتوں اور گودیوں کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ  سے یہ ٹائٹل واپس لیا۔ لیورپول حکام تاہم اس فیصلے سے متفق نہیں ہیں کہ نئی عمارتوں کی وجہ سے تاریخی قدر کے حامل پشتے تباہ ہوئے ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق شہر کے شمال مغربی حصوں میں تعمیراتی منصوبوں سے ڈاک لینڈز کی تاریخی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔ عالمی بیان کے مطابق اس طرح اس علاقے کی نایاب قدر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

لیورپول کی میئر جوآنے اینڈرسن نے اس فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا، ”لیور پول کی عالمی ثقافتی ورثے کی حیثیت کا خاتمہ ان کے لیے انتہائی افسوس ناک اور قابل تشویش فیصلہ ہے، کیوں کہ یونیسکو کی جانب سے آخری بار اس شہر کا دورہ دس برس قبل کیا گیا۔‘‘ ان کا کہنا تھا، ‘‘کچھ بھی ہو لیورپول ہمیشہ عالمی ثقافتی ورثہ ہی رہے گا۔‘‘

دوسری جانب وائڈر لیورپول خطے کے میئر نے بھی کہا کہ یہ فیصلہ بہ ظاہر حقائق کے برعکس معلومات کی بنیاد پر ہے، کیوں کہ زمینی حقائق مختلف ہیں۔

واضح رہے کہ لیور پول انگلینڈ کے شمال مغرب میں دریائے میرسے اور بحیرہ آئرلینڈ کے سنگم پر واقع ہے۔ 18 صدی سے بیسویں صدی تک یہ بندرگاہ تجارت اور مہاجرت کے حوالے سے اہم ترین تھی اور بحرِ اوقیانوس کے اطراف غلاموں کی تجارت کا مرکز تھی۔ لیورپول انگلش پاپ برینڈ ‘دی بیٹلز‘ کا بھی شہر ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button